لاہور ہیریٹیج رن کا تیسرا ایڈیشن پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی کے اشتراک سے کامیابی سے منعقد

لاہور ہیریٹیج رن کا تیسرا ایڈیشن لاہور رنرز کلب کے زیرِ اہتمام پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی کے اشتراک سے کامیابی سے منعقد ہوا،جس میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 3000 افراد نے شرکت کی۔دوڑ کا آغاز حضوری باغ/لاہور قلعہ سے ہوا اور شرکاء لاہور قلعہ سے ہوتے ہوئے سرکلر روڈ، کشمیری گیٹ، شیرانوالہ گیٹ اور ذکی گیٹ سے گزرے۔ اس کے بعد شرکاء موچی گیٹ سے واپس آتے ہوئے دہلی گیٹ کے ذریعے اندرونِ شہر میں داخل ہوئے اور سبیل والی گلی، شاہی حمام، حقہ والی گلی، گلی سورجن سنگھ، مسجد وزیر خان، کشمیری بازار، سنہری مسجد، رنگ محل، پانی والا تالاب، لاہنگہ منڈی اور ٹیکسالی بازار سے گزرتے ہوئے واپس حضوری باغ/لاہور قلعہ پہنچے، جہاں دوڑ اختتام پذیر ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے بطور مہمانِ خصوصی دوڑ میں شرکت کی اور کامیاب شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ ریسکیو 1122، پیرا فورس، ٹریفک پولیس اور محکمہ پولیس نے ایمرجنسی رسپانس، ٹریفک مینجمنٹ اور سیکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات میں معاونت فراہم کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی،نجم الثاقب نے کہا کہ ”لاہور کے تاریخی مقامات کو عوامی سرگرمیوں سے جوڑنا شہریوں کو اپنے شاندار ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مقامات پر ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے اتھارٹی مختلف اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ لاہور کے ورثے کو عوام کے لیے مزید قابلِ رسائی اور متحرک بنایا جا سکے۔”تمام متعلقہ محکموں کی باہمی کاوشوں سے دوڑ کا انعقاد کامیابی سے ممکن ہوا۔ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی اور لاہور رنرز کلب کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس سرگرمی نے لاہور کے تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے اور شہریوں کو تاریخی مقامات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

جواب دیں

Back to top button