گورنر سندھ نہال ہاشمی کی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی رہائشگاہ آمد

گورنر سندھ نہال ہاشمی کی صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی رہائش گاہ آمد، صوبائی وزیر نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی استحکام اور جمہوری عمل کے تسلسل کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب راشد نصر اللہ بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو عالمی ایوارڈ ملنے پر صوبائی وزیر بلال یاسین کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت کا جاری رہنا جمہوریت کا حسن ہے، سیاسی معاملات میں ڈیڈ لاک نہیں ہونا چاہیے۔ ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوری عمل کا تسلسل قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور دفاع ہمارا مشترکہ مشن ہے، ذاتی مفادات اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے ملک کو نقصان پہنچے گا۔ قومی مفاد کو ہر سیاسی ترجیح پر مقدم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ عوامی خدمت ہی پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور ہے اور ان شاء اللہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ نوجوان نسل کو عدم برداشت کے رویوں سے دور رکھنا موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے۔ مثبت سیاسی رویوں، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دے کر نوجوانوں کے لیے تعمیری ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے واضح کیا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے اور قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

جواب دیں

Back to top button