وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ آئوٹ سورسنگ شہریوں کو صفائی کی تحریک میں براہ راست شامل کرنے کا پروگرام ہے۔ معمولی فیس کے عوض شہریوں کو صفائی کی معیاری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ

وزیراعلی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کی کامیابی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر ماڈل پراجیکٹ کے لئے سروے کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ جس کے بعد کنٹریکٹ ایوارڈ کیا جائے گا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ستھرا پنجاب پروگرام اور صفائی کے نظام کی آئوٹ سورسنگ کے حوالے سے غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے آٹھ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں آئوٹ سورسنگ کے عمل کا فردا” فردا” جائزہ لیا۔ سی ای اوز نے مختلف کمپنیوں کی جانب سے کنٹریکٹ کی خواہش کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے مقرر کی گئی ٹائم لائن کے مطابق تحصیل کی سطح پر کنٹریکٹر کا انتخاب مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔ ہر کنٹریکٹر کے لئے مقررہ اہداف کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئوٹ سورسنگ کے بعد بھی صفائی کے عمل کی موثر نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔






