صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اہم اجلاس

صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، نے متروکہ وقف املاک بورڈ کا دورہ کیا اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران، گورونانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سکھ یاتریوں کی آمد اور قیام کے لئے رہائش کی فراہمی، رسومات کی ادائیگی اور نقل و حمل کے حوالے سے اہم امور پر بحث کی گئی۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز، سیف اللہ کھوکھر، نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے بھارتی سکھ یاتریوں کے دورہ پاکستان کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔ دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن 3000 بھارتی سکھ یاتریوں کو 10 دن کے ویزے جاری کرے گا، جو 14 نومبر کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔

صوبائی وزیر، رمیش سنگھ اروڑہ، اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سکھ یاتریوں کا استقبال کریں گے۔ واہگہ چیک پوسٹ پر یاتریوں کو گورو کا لنگر پیش کیا جائے گا اور انہیں براہ راست گورودورہ جنم استھان ننکانہ صاحب لے جایا جائے گا۔

555ویں جنم دن کی مرکزی تقریب "بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب” 15 نومبر کو گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔ سکھ یاتری 16 سے 22 نومبر تک مختلف گوردواروں کی یاترا کریں گے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کو قیام و طعام، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں اور انہیں ہر ممکنہ مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ہمیشہ پاکستان سے محبت ملتی ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ بھی وہ اچھی یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری بورڈ فرید اقبال سمیت 44 وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button