ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی سہولت کے پیش نظر نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد،رمیش سنگھ اروڑہ مہمان خصوصی

صوبائی وزیر اقلیتی امور/ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں کی سہولت کے پیش نظر نئی عمارت کے قیام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس عمارت میں سو کمروں کی تعمیر شامل ہے جو دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کے قیام اور آرام کے لیے مختص ہوگی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سکھ یاتریوں کے لیے مزید بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض کو آرام دہ ماحول میں انجام دے سکیں۔

قبل ازیں، صوبائی وزیر نے مختلف گوردواروں کا دورہ بھی کیا، جن میں گوردوارہ لیلا رام اور گوردوارہ بھٹی صاحب شامل ہیں۔ دورے کے دوران، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ان گوردواروں میں لنگر خانوں کا افتتاح کیا۔ لنگر خانوں کی تعمیر کا مقصد یاتریوں کو مفت کھانے کی فراہمی ہے، جو سکھ مذہب کی روایات کا حصہ ہے۔

اپنے دورے کے دوران، صوبائی وزیر نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت یاتریوں کی سہولت اور ان کی مذہبی آزادی کے احترام کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس مقصد کے حصول کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران اور دیگر متعلقہ افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button