وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیرصدارت گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس، سیوریج منصوبے میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار

گلگت

 

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج کا منصوبہ گلگت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سیوریج منصوبے میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ منصوبے کی رفتار تیز نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات درپیش ہیں اور منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہونے کا خدشہ ہے۔ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیوریج کے منصوبے پر جاری کام کی رفتار میں تیزی کو یقینی بنانے کیلئے این ایل سی سے اعلیٰ سطح پر رابطہ کرکے ٹائم لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ گلگت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل یہ منصوبہ تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سیوریج منصوبے کی تکمیل منظم منصوبہ بندی اور ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت کے عوام کی سیر و تفریح کیلئے تعمیر کئے جانے والے پارکس کی پائیداری (Sustainabilaty) کیلئے محکمہ موثر پالیسی وضع کرے۔ شہری علاقوں میں ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنائیں۔ نلتر پائین اور بالا کے آبادی کیلئے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی فزیبلٹی تیار کرے۔ گلگت شہری علاقوں میں ٹریفک کے لوڈ کو کم کرنے کیلئے شہر کے دونوں اطراف میں بائی پاس روڈ کی تعمیر لازمی ہے اس لئے محکمہ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی گلگت میں بائی پاس روڈ کی تعمیر کے حوالے سے فزیبلٹی تیار کریں تاکہ اس منصوبے کو پی ایس ڈی پی کا حصہ بنایا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے ماسٹر پلان پر عملدرآمد شروع کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور تمام شہری علاقوں میں بلڈنگ کوڈز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی عباس علی خان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر تعمیر منصوبوں اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

Back to top button