سکولوں میں صفائی کی اہمیت پر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ، وزیراعلی مریم نواز والدین اور اساتذہ کے نام کھلا خط لکھیں گی، 90 تحصیلوں کے اندر آؤٹ سورسنگ کا عمل مکمل ہوگیا، وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی خدمات کی آئوٹ سورسنگ کا پروگرام آپریشنل ہونے کے لئے تیار ہوگیا ہے۔ ماہ رواں میں لانچنگ ہو جائے گی۔ اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آفس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، ویسٹ مینجمنٹ کے سی ای اوز اور ڈسٹرکٹ کونسلز کے چیف آفیسرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے اجلاس کو ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف اور درکار اقدامات پر ہدایات جاری کیں۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلے مرحلے میں لاہور سمیت 150 میں سے 90 تحصیلوں کے اندر آئوٹ سورسنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ جاری ماہ (نومبر) کے دوران باقیماندہ 25 تحصیلوں میں آئوٹ سورسنگ کو آپریشنل کر دیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اگے مرحلے میں ساہیوال اور سرگودھا ڈویژن میں بھی جلد آئوٹ سورسنگ پلان نافذ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں 100 فیصد کام مکمل ہوگیا جبکہ راولپنڈی، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن میں 90 فیصد تکمیل ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں بھی کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے تاہم پنجاب کی 13 تحصیلوں میں فی الحال سیلف آپریشن جاری رہے گا۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "وزیراعلی مریم نواز کا پنجاب، ستھرا پنجاب” کا لوگو ہر جگہ پہنچایا جائے گا۔

اجلاس کے دوران سکولوں، کالجوں میں صفائی کی اہمیت اور ضرورت کی خصوصی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز سے کہا گیا کہ وہ آئمہ مساجد سے خطبہ جمعہ میں صفائی کے موضوع پر بات کرنے کی درخواست کریں۔ علاوہ ازیں صفائی کے موضوع پر وزیراعلی مریم نواز شریف طلبا کے والدین اور اساتذہ کے نام کھلا خط بھی لکھیں گی۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ آئوٹ سورسنگ ماڈل ایک نیا تجربہ ہے جس سے پنجاب کی 7 کروڑ 34 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔ شہریوں کے لئے آگاہی مہم کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہم آئوٹ سورسنگ کے عمل کی تکمیل کے چیلنج میں سرخرو ہوئے ہیں۔ اگلے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہر سطح پر کمیونٹی کی شرکت یقینی بنانا ہوگا۔ اس کے لئے مقامی عوامی نمائندوں کا تعاون نہایت ضروری ہے۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہات میں 11.35 اور شہروں میں 7.03 ملین گھروں تک پہنچیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر گائوں میں ویسٹ انکلوژرز بنایا جائے یا کم از کم کنٹینر رکھیں۔ تحصیل میں بنائی گئی کوآرڈینیشن کمیٹی دہائیوں سے گندگی کے جو ڈھیر پڑے ہیں وہ ایک دفعہ صاف کرائے۔ ون ٹائم زیرو ویسٹ کو بعدازاں کنٹریکٹرز برقرار رکھیں گے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضروری فنڈز کا اجرا ہو چکا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کنٹریکٹرز کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں، نگرانی بھی کریں۔ شکیل احمد نے کہا کہ پنجاب میں سماجی تبدیلی کا ایک نیا کلچر پروان چڑھنے والا ہے۔ اس کلچر کو دیرپا بنانے کے لئے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے۔

جواب دیں

Back to top button