محکمہ اعلٰی تعلیم خیبر پختونخوا اور زلمی فاؤنڈیشن کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

حکومت خیبر پختونخوا کا کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام ،محکمہ اعلٰی تعلیم خیبر پختونخوا اور زلمی فاؤنڈیشن کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلٰی ہاؤس میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور کی موجودگی میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔تقریب میں بتایا گیا کہ مفاہمت کی یادداشت کے تحت صوبے میں ویمن کرکٹ چمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ویمن کرکٹ چمپئن شپ کے ذریعے خواتین کی صوبائی کرکٹ ٹیم تیار کی جائے گی جو قومی سطح پر ٹورنمنٹس میں شرکت کرے گی۔ یہ اقدام سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گول کے متعلقہ ہدف کی تکمیل کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ ویمن کرکٹ چمپئن شب کے زیر انتظام رواں ماہ کی 26 سے 30 تاریخ کو حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت اور سات ڈویژنز سے مجموعی طور 8 ٹیمیں مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ مذکورہ کرکٹ ٹیمیں 50 فیصد کالجز اور 50 فیصد یونیورسٹیز کی طالبات پر مشتمل ہوں گی۔مفاہمت کی یادداشت کے تحت سپورٹس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جس میں پچز کی تیاری اور گراؤنڈز میں دیگر سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ معاہدے میں شامل ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے تحت ووکیشنل ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ مالم جبہ میں سکی فیسٹیول مقابلوں کا انعقاد بھی معاہدے میں شامل ہے۔ مذکورہ ایونٹ کے انعقاد سے ایڈونچر ٹورازم اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

ایجوکیشن ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے چترال یونیورسٹی میں ونٹر فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مقامی فنون و ثقافت اور روایات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

جواب دیں

Back to top button