پیپلزپارٹی کے منصوبے کراچی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،کرم اللہ وقاصی

میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہر سطح پر عوام کی بھلائی اور معاشی بحران سے بچاؤ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا اور معاشی دباؤ کے باوجود ان کی زندگیوں میں آسانیاں لانا ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی کراچی کے اہم علاقوں کی ترقی کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ اس منصوبے میں سڑک کی مرمت، ڈرینیج نظام کی اپ گریڈیشن اور جدید ڈبل کیرج وے کی تعمیر شامل ہے، جس کے تحت شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کی لاگت 1 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد ہے اور اس سے علاقے کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کی ترقی کی ایک اور مثال ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور یہ مسلسل کوششیں کراچی کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت شہر میں کئی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے مکمل ہونے سے نہ صرف کراچی کا انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا بلکہ شہریوں کو بھی بہتر سہولتیں ملیں گی۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا یہ عزم ہے کہ معاشی بحران کے باوجود عوامی خدمت کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے سندھ حکومت کی جانب سے عوام کے ریلیف کے لیے کیے گئے اقدامات کی بھی بھرپور تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 35 ارب روپے کا پیکیج فراہم کیا ہے تاکہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے اور انہیں معاشی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ اس پیکیج کے تحت کسانوں، موٹر سائیکل والوں اور چھوٹے تاجروں کو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ انہیں روزمرہ کی زندگی میں آسانی ہو۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت ہمیشہ عوام کے مفاد میں کام کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی اس عزم کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری منصوبوں سے نہ صرف شہر کی ترقی ہوگی بلکہ عوام کے معیارِ زندگی میں بھی بہتری آئے گی۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کی ترقی کے لیے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ شہر میں روزانہ نئے منصوبوں کا آغاز اور عوامی فلاح کے لیے کیے گئے اقدامات عوامی خدمت کے عزم کو تقویت دیتے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف کراچی کو ایک جدید شہر بنانا ہے بلکہ عوام کو معاشی بحران سے بچانے کے لیے موثر اقدامات اٹھانا بھی ہے۔ پیپلزپارٹی کے یہ منصوبے کراچی کے عوام کے لیے ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔پیپلزپارٹی کی مخالف جماعتیں ان منصوبوں سے پریشان ہیں لیکن میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب دن رات اپنے وژن کے مطابق شہر کی خدمت کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button