چینی ادارے کا پنجاب میں کوڑے سے توانائی بنانے میں اظہار دلچسپی،چائنیز بزنس کونسل کے صدر چن چیان جیانگ کی وزیر بلدیات ذیشان رفیق سے ملاقات

چائنیز بزنس کونسل نے پنجاب میں کوڑے سے توانائی بنانے کا پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق سے چائنیز بزنس کونسل کے صدر مسٹر چن چیان جیانگ نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ممبر پنجاب اسمبلی آغا علی حیدر اور چینی بزنس کونسل کے دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں کوڑے سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے لاہور میں ویسٹ سے توانائی بنانے کیلئے پلانٹ لگانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے چائنیز بزنس کونسل کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے ستھرا پنجاب کے اگلے مرحلے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب میں کوڑے کے ذریعے ڈیزل اور گیس پیدا کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف لاہور میں یومیہ چار سے پانچ ہزار ٹن ویسٹ پیدا ہوتا ہے۔ پنجاب حکومت چینی ادارے کو انرجی پلانٹ کے لئے زمین کی فراہمی پر تیار ہے۔ دیگر شہروں میں بھی ویسٹ انرجی پلانٹ لگانے کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوڑے کی ری سائیکلنگ ماحولیاتی مسائل کے حل میں بھی معاون ہوگی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ویسٹ ری سائیکلنگ سے ہونے والی آمدنی کے ذریعے ستھرا پنجاب پروگرام پر اخراجات وصول ہوسکتے ہیں۔ مسٹر چن چیان جیانگ فنانشل ماڈل بنا کر دیں تاکہ مزید پیشرفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انرجی پیدا کرنے سے سرکاری خزانے پر بوجھ نہیں پڑیگا۔

اس موقع پر چائنیز بزنس کونسل کے صدر چن چیان جیانگ نے صوبائی وزیر کو ابتدائی فزیبلٹی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا زیادہ مقصد کمرشل نہیں بلکہ ماحول کی صفائی ہمارا فوکس ہوگا۔ ڈمپنگ سائٹ کے قریب پلانٹ لگانے سے لاگت کم آئیگی۔ صدر چائنیز بزنس کونسل چن چیان جیانگ نے کل دوبارہ صوبائی وزیر سے ملاقات کے لئے وقت مانگ لیا جس پر وزیر بلدیات نے ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین کو پریذینٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button