کمشنر لاہور زید بن مقصود نے قزافی سٹیڈیم میں زیر تعمیر انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک سائٹ نشتر کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسٰی رضا بھی ہمراہ موجود تھے۔

ایم ڈی واسا غفران احمد، نیسپاک افسران اور کنٹریکٹرز نے کمشنر لاہور کو منصوبے کی پیشرفت، زیر تعمیر انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک اور ایریا کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نشتر کمپلیکس انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک کے ٹینک اور چھت کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ نشتر کمپلیکس لبرٹی گیٹ کے باہر گول چکر سے ڈرینز کو بھی انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک سے منسلک کردیا گیا ہے، منصوبہ بارشی پانی کو ذخیرہ و محفوظ کرنے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، نشتر پارک کمپلیکس میں بارشی پانی جمع نہیں ہوگا، 40 لاکھ گیلن کپیسٹی کا منصوبہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف بارشی پانی کو ذخیرہ کریگا، ذخیرہ پانی پارکس کے لیے استعمال کیا جا سکے گا، انہوں نے کہا ہے کہ واٹر ٹینک مکمل اور ڈرینز کنیکٹ ہوچکی ہیں، جلد صاف ہوکر اسفالٹ کا کام شروع ہو جائے گا۔ کمشنر لاہور نے واسا کو شہر میں رواں برس مزید 10 واٹر ٹینکس کی تعمیر اور تعمیراتی مراحل کے بعد دیگر کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔






