کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت شہر میں آوارہ کتوں کے خلاف مہم اور ویکسینیشن کے حوالے سے اجلاس

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت شہر میں آوارہ کتوں کے خلاف مہم اور ویکسینیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، اسسٹنٹ کمشنر پولی ٹیکل کوئٹہ ڈویژن محمد کلیم اللہ ،میٹروپولیٹن کارپوریشن،محکمہ لائیو اسٹاک اور سماجی تنظیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ اور ان کے کاٹنے کے مسلسل واقعات باعث تشویش ہیں، جن کے پیش نظر سماجی تنظیم کی جانب سے ویکسینیشن اور سرجری کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ لائیو اسٹاک سماجی تنظیم کے تعاون سے گھوڑا ہسپتال میں کتوں کی ویکسینیشن اور سرجری کے لیے مناسب جگہ مختص کرے اور عملہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کیے گئے کتوں کو ٹیگ اور مخصوص چپ لگا کر رجسٹرڈ کیا جائے تاکہ مہم کے دوران انہیں تلف نہ کیا جائے۔اس موقع پر اسپتالوں میں کتوں کے کاٹنے کی ویکسیز (Anti-Rabies Vaccine) اور علاج معالجے کی دستیابی کے حوالے سے بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کیونکہ شہر میں آوارہ کتوں کے حملوں کی متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں، لہٰذا ان کے سدباب کے لیے مربوط اور موثر کارروائی ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویکسینیشن اور سرجری مہم کے اخراجات کے حوالے سے سیکرٹری لائیو اسٹاک کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ منصوبے کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کمشنر نے ایم سی کیو کو ہدایت کی کہ آوارہ کتوں کی نشاندہی، انہیں پکڑنے اور ویکسینیشن ٹیم کے حوالے کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تمام اداروں اور سماجی تنظیموں کو باہمی تعاون سے شہر کو محفوظ بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے کی تاکید کی۔

جواب دیں

Back to top button