کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی زیر صدارت اربن پلاننگ و ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس،اہم شاہراہوں پر تعمیرات پر پابندی

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت اربن پلاننگ و ڈیزائن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمٰن قمبرانی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللّٰہ بادینی، ڈپٹی ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ عابد محمود،ایس پی پولیس سٹی نعمان ظفر سمیت محکمہ ماحولیات، سی اینڈ ڈبلیو اور کیو ڈی اے کے افسران نے شرکت کی اجلاس میں کوئٹہ شہر کی اہم شاہراہوں پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ٹریفک جام، غیر منظم تعمیرات اور مستقبل میں شہر کی توسیع سے متعلق درپیش مسائل پر غور و خوض کے بعد متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ائیرپورٹ روڈ، سبزل روڈ، سریاب روڈ اور لنک شاہوانی روڈ پر ہر قسم کی نئی تعمیرات اور کنسٹرکشن پر پابندی عائد کی جائے گی۔ کسی بھی قسم کے تعمیراتی کام کے لیے پیشگی اجازت کمشنر آفس سے حاصل کرنا لازم ہوگا، جہاں درخواست جمع کرانے کے بعد اربن پلاننگ کمیٹی اس کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گی۔اجلاس میں رہائشی علاقوں کو کمرشل ایریاز میں تبدیل کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ نئے تعمیر ہونے والے کمرشل پلازوں میں پارکنگ کی مناسب سہولت فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کی این او سی کا ازسرِنو جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بلڈنگ کوڈز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں پر کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ یا کھدائی کی اجازت نہیں ہوگی۔مزید برآں زیرِ تعمیر رہائشی اسکیموں کے نقشہ جات کی ازسرِنو تصدیق کی جائے گی اور صرف وہی اسکیمیں تعمیر کے قابل ہوں گی جو میٹروپولیٹن کارپوریشن، کیو ڈی اے اور سی اینڈ ڈبلیو سے باقاعدہ منظور شدہ ہوں گی۔

اجلاس کے اختتام پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اپنے محکموں کے اعلیٰ افسران کی خدمات حاصل کرتے ہوئے کوئٹہ شہر کے لیے جامع ماسٹر پلان جلد از جلد مرتب کیا جائے اور مستقبل میں شہر کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبے تیار کیے جائیں جن سے آئندہ شہری مسائل سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button