ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شہری سہولیات کی بہتری کیلئے اپنے روزانہ تحصیل دوروں کے سلسلے میں علی الصبح تحصیل واہگہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر واہگہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈی سی لاہور نے کھیرا پل، نتھوکی اور ملحقہ علاقوں کا جائزہ لیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایل ڈبلیو ایم سی کو فوری بہتری کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور صفائی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ واسا کو سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ شہر بھر سے غیر قانونی بینرز، پوسٹرز اور تجاوزات فوری ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے رہائشی علاقوں میں قائم جھگیوں اور مویشیوں کے باڑوں کے فوری خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی جگہوں پر قبضے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان مسلسل دوروں کا مقصد انتظامی نظام کی بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہے۔






