صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کے زیرصدارت نالہ لئی کے حوالے سے کمشنر آفس راولپنڈی میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں نالہ لئی کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، سیلابی صورتحال سے بچاؤ اور نالہ لئی کے اطراف میں شہری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی ، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے ہدایت کی کہ نالہ لئی کے تقریباً 9 کلومیٹر کے انتہائی گنجان آباد حصے میں خصوصی فورس تشکیل دے کر پٹرولنگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، تاکہ صفائی کے بعد نالہ لئی میں دوبارہ کوڑا کرکٹ پھینکنے یا تجاوزات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ واسا اپنے وسائل سے فوری طور پر اس فورس کا قیام عمل میں لائے اور جتنا جلدی ہو پیٹرولنگ کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی راولپنڈی کے لیے انتہائی اہم اور شہری نکاسی آب کے نظام کا بنیادی حصہ ہے۔ اس کی صفائی، بحالی اور حفاظت کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔ نالہ لئی میں ڈیسلٹنگ کے بعد دوبارہ کوڑا کرکٹ پھینکنے اور غیر قانونی تعمیرات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ صفائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں شہریوں میں آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نالہ لئی میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صفائی اور بحالی کے بعد اسے دوبارہ گندگی اور تجاوزات کی نذر نہیں ہونے دیا جائے۔ نالہ لئی کے اطراف میں صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے مقامی لوگوں، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے تعاون سے مستقل نگرانی کا نظام تشکیل دیا جائے۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے بریفنگ میں بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نالہ لئی کے مختلف مقامات کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جارہی ہے۔ اسکے ذریعے نالہ لئی میں کچرا پھینکنے والے افراد اور گاڑیوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسکے علاوہ نالہ لئی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول روم قائم کرنے، اور فلیش فلڈنگ مانیٹرنگ و الرٹ کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں نالہ لئی کے پانی کے بہاؤ اور فلیش فلڈنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لیے تکنیکی اور کیمیکل انجینئرنگ کے ماہرین سے تجاویز لینے پر بھی زور دیا گیا۔ کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی کہ نالہ لئی کے پانی کے بہاؤ، گاد، مٹی اور دیگر رکاوٹوں کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لے کر ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے اچانک طغیانی اور فلیش فلڈنگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
Read Next
13 گھنٹے ago
روڈا کاراوی شہر میں کمرشل نادہندگان کیخلاف آپریشن،متعدد کاروباری مراکز سربمہر
2 دن ago
*پنجاب میں پہلی بین الاقوامی سسٹین ایبل،سمارٹ اینڈ کلائمیٹ ریزیلینٹ واٹر سسٹمز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ*
2 دن ago
*اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی درخواستوں اور اقساط کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کا فیصلہ*
3 دن ago
*صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی چین کے قومی دن کی تقریب میں خصوصی شرکت*
4 دن ago






