میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت ایک اجلاس میں شہری نظم و ضبط کی بحالی اور بلدیاتی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے تجاوزات، غیر مجاز پارکنگ اور عوامی مقامات پر قابض منشیات کے عادی افراد کے خلاف ایک جامع اور مربوط کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،یہ اعلی سطحی اجلاس کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا،جس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم، میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق، ڈپٹی کمشنر ایسٹ ابرار جعفر، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ٹو میئر اخلاق یوسف زئی، ڈائریکٹر میڈیا کے ایم سی دانیال سیال اور کے ایم سی و ضلعی انتظامیہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی

،اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع انتظامیہ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے مشترکہ اور مسلسل آپریشنز کا آغاز کیا جائے گا، یہ آپریشنز ہفتہ وار بنیادوں پر جاری رہیں گے تاکہ شہر بھر میں سخت نگرانی اور قانون کا نفاذ یقینی بنایا جا سکے،میئر کراچی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پہلے سے مختص فری پارکنگ زونز کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور پارکنگ کی غیر قانونی فیس وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بلدیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر دکاندار تجاوزات ہٹانے کے بعد دوبارہ قائم کریں تو ایسی دکانوں کو بغیر کسی نوٹس کے سیل کر دیا جائے گا،انہوں نے پولیس اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ان مارکیٹوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جو چوری شدہ بلدیاتی اثاثوں، جیسا کہ پلوں اور انڈرپاسز سے نکالے گئے ڈھانچے کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں، اجلاس میں شہری ٹریفک مینجمنٹ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، شہر بھر میں غیر فعال ٹریفک سگنلز کی بحالی اور نئی روڈ مارکنگز کی منظوری دی گئی تاکہ سڑکوں پر حفاظتی انتظامات اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے،میئر کراچی نے ان اقدامات کے مشترکہ نفاذ کے ذریعے کراچی کو ایک صاف، محفوظ اور رہنے کے قابل شہر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔






