وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے چترال اپر اور چترال لوئر کے تحصیل چئیرمینز کی ملاقات،بلدیاتی مسائل پر گفتگو

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے چترال اپر اور چترال لوئر کے تحصیل چئیرمینز نے ملاقات کی۔ چترال میں بلدیاتی حکومتوں سے جڑے امور اور علاقے میں نچلی سطح کے عوامی مسائل سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی ۔ صوبائی وزیر بلدیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

تحصیل چئیرمینز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں عوامی مسائل کے بارے میں وزیراعلٰی کو آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی نے ان مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کئے۔چترال میں پلے گراونڈز کے لئے زمینوں کی فراہمی کا کیس منظوری کے لئے اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے، چترال اپر اور لوئر کو برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکیں کھولنے کے لئے ملٹی پرپز مشینیں فراہم کی جائیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ٹی ایم ایز کے دروش کے پرانے بقایاجات کی ادائیگیوں کے لئے درکار فنڈز کا بندوبست کیا جائے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر بونی میں پینے کے پانی کے مسئلے کے حل کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔بہتر دیکھ بال کے لئے چترال کے دیہی علاقوں میں ٹی ایم ایز کے تحت مقامی رابطہ سڑکوں کو محکمہ مواصلات کے حوالے کئے جائیں، ٹی ایم اے تورکہو موڑکہو کے دفتر کی تعمیر کے لئے درکار فنڈز کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ گرم چشمہ میں ریسکیو 1122 سب اسٹیشن کے قیام کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے، عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے میں بلدیاتی حکومتوں کا اہم کردار ہے، ہم بلدیاتی حکومتوں کو با اختیار بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ بلدیاتی ادارے میونسپل سروسز، بیوٹیفکیشن اور مینٹینس کے کاموں پر فوکس کریں، صوبائی حکومت بہت جلد دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی پروگرام کا اجراء کرنے جا رہی ہے، پروگرام کے تحت ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی عملہ کی بھرتی کے علاوہ ضروری آلات فراہم کئے جائیں گے، منتخب بلدیاتی نمائندے اس پروگرام کو موثر اور کامیاب بنانے کے لئے کردار ادا کریں۔ بلدیاتی نمائندوں نےچترال کی ترقی اور وہاں کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلی علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کیا ۔

جواب دیں

Back to top button