وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کے تمام شہروں اور اضلاع میں یکساں ترقی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے ملتان کا دورہ کیا اور ایم ڈی اے، واسا ملتان، پی ایچ اے ملتان اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ملتان شہر کو ڈسٹ فری اور سرسبز و شاداب بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔

غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایم ڈی اے کو ہر ماہ ایسی سوسائٹیوں کی فہرست شائع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس ضمن میں پیرا فورس کو بھی کارروائیوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ملتان شہر کے ماسٹر پلان کا فوری اطلاق کیا جائے گا۔ پی ایچ اے ملتان کو سسٹین ایبل ریونیو جنریشن ماڈل اپنانے اور ایڈورٹائزمنٹ ریونیو کو شجرکاری کے فروغ پر استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واسا ملتان کے ریونیو ریکوری سسٹم کو بہتر بنانے اور صارفین کے لیے ای-پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ ساؤتھ پنجاب رانا سلیم، ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد، ایم ڈی واسا خالد خان اور ڈائریکٹر پی ایچ اے محمد اسد نے اجلاس میں بریفنگ دی۔






