وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام صوبائی وزراء کو ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے جاری کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبے میں درپیش سیلابی صورتحال کے مدنظر تمام صوبائی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے جاری کارروائیوں کی نگرانی کریں۔ تمام صوبائی وزراء اپنے حلقوں کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کیلئے اپنے حلقوں میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں سمیت متاثرین کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کیلئے کنٹرول رومز قائم کریں۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں جاری ریلیف اور ریسکیو کارروائیوں میں تیزی لانے ا ور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو احکامات دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کی مدد اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام اور سیاحوں سے بھی اپیل کی ہے کہ سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے گلگت بلتستان میں شاہراہوں کے حوالے سے مکمل معلومات لینے کے بعد سفر کریں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں سیلاب کی وجہ سے مختلف علاقوں میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔

جواب دیں

Back to top button