میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کے روز ضلع وسطی کی مختلف یوسیز میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، شکیل خان شیروانی، جمال ناصر، حاجی فرحان اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ضلع وسطی کی مختلف یوسیز میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا باقاعدہ کام شروع کردیا گیا ہے، ان منصوبوں کے تحت لیاقت آباد فرنیچر مارکیٹ، غریب آباد اور بھنگوریہ گوٹھ کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار کیوبک فٹ سب بیس اور 2 لاکھ 20 ہزار کیوبک فٹ ایگریگیٹ بیس کورس بچھایا جائے گا جبکہ 4 لاکھ 30 ہزار مربع فٹ پیور بلاکس کی تنصیب کی جائے گی، اس منصوبے میں 60mm اور 80mm کے بلاکس استعمال کیے جارہے ہیں تاکہ سڑکوں کی پائیداری کو یقینی بنایا جاسکے،ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی،

عوام کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی اور شہریوں کو معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ شہر کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں،حکومتِ سندھ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے مشکل ترین حالات میں جمہوریت کا علم بلند رکھا، انہوں نے اپنی زندگی جمہوریت، قربانی اور خدمتِ وطن کے لیے وقف کر دی،بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد نے پاکستان میں جمہوری نظام کی بنیادوں کو مضبوط کیا، وہ خواتین کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بیگم نصرت بھٹو کی لازوال قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیاقت آباد کی یہ گلی ایک اور کراچی کے بیٹے شہید امجد صابری کے نام سے جانی جاتی ہے، انہوں نے تجویز دی کہ کیوں نہ اس سڑک کو شہید امجد صابری کے نام سے منسوب کردیا جائے تاکہ ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے،شہید امجد صابری کے اہلِ خانہ آج بھی اسی علاقے میں رہائش پذیر ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ اس علاقے کے عوام کا مان رکھا ہے اور یہاں کے ترقیاتی کاموں سے فرنیچر مارکیٹ کے دکاندار اور مقامی آبادی براہِ راست مستفید ہوں گے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کلک کے ذریعے اس علاقے کے لیے کئی ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں، یہ کام میرے چیئرمین کی جماعت پیپلز پارٹی کی قیادت میں جاری ہیں،ہم گلیوں میں جا کر عوام کو بتا رہے ہیں کہ پریس کانفرنس کرنے یا چندہ اکٹھا کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، ہم عملی کام کر کے دکھا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ نیک اور باکردار لوگوں سے پوچھئے وہ کیا کر رہے ہیں، ہم نے ان کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا،انہیں 27 ارب روپے کے فنڈز ملے اب وہ تھوڑا تھوڑا کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ روڈ کٹنگ کے پیسے عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے مخصوص ہوتے ہیں، مگر بعض ٹاؤنز یہ رقم استعمال نہیں کر پا رہے،میئر کراچی نے کہا کہ یہ سڑک ہم بنا رہے ہیں لیکن یہ کے ایم سی کی نہیں، اس کے باوجود ہم عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں جماعت اسلامی کو عوام کی توہین پر نوٹس دیتا ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں، ان کے دوہرے معیار اور منافقانہ سیاست کو عوام کے سامنے بے نقاب کرتا رہوں گا،میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے ذمہ دار سیاسی جماعت رہی ہے جو وفاق کی مضبوطی اور عوامی مفاد کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، جو قومی وحدت اور ہم آہنگی کی علامت ہے،انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وفاق کے ضامن ہیں اور ملک کے تمام صوبوں کے درمیان یکجہتی چاہتے ہیں،صدر آصف علی زرداری ہمیشہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ تمام صوبوں میں یکسوئی اور ہم آہنگی ہو تاکہ پاکستان مزید مضبوط بنے،انہوں نے کہا کہ سندھ کی روایت ہے کہ اگر کوئی دشمن بھی مدد مانگے تو ہم اس کا ساتھ دیتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب کے دوران متاثرہ کسانوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا اور ان کے لیے گندم کی سپورٹ پرائس طے کروائی تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ مل سکے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی ہمیشہ کسان دوست رہی ہے کیونکہ اگر کسان مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم عزت و احترام کے ساتھ ہر قومی مسئلے پر بات چیت کے حامی ہیں اور سیاست کو خدمتِ عوام کا ذریعہ سمجھتے ہیں،پیپلز پارٹی کی قیادت میں ترقیاتی کاموں کا یہ سلسلہ انشا ء اللہ جاری رہے گا اور شہر کے ہر علاقے میں تعمیر و ترقی کا سفر آگے بڑھتا رہے گا۔اپنے خطاب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں مچھر مار جراثیم کش اسپرے مہم جاری ہے تاکہ ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے،بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس مقصد کے لیے ہر یوسی چیئرمین کو جراثیم کش اسپرے مشین فراہم کر دی ہے، اسپرے مہم کو مربوط اور منظم انداز میں چلایا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اسپرے ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ وبائی امراض کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے، انہوں نے سوال کیا کہ جماعت اسلامی کے یوسی چیئرمین جراثیم کش اسپرے مہم کے حوالے سے کیا کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا کام عوامی خدمت ہے، سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر شہریوں کی صحت اور بہبود کیلئے کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔






