ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کے ایم سی بلڈنگ، ایم اے جناح روڈ پر نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کی، ریلی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد،جمن دروان، اسلم سموں، افتخار تنولی، خلیل ہوت، سٹی کونسل اراکین، چیئرمینز، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،

اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یومِ سیاہ کشمیر اس عزم کے ساتھ منا رہے ہیں کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی میں پاکستان کے عوام ان کے شانہ بشانہ ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر ناجائز قبضہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، مودی سرکار کے ظالمانہ اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کو ایک قید خانے میں بدل دیا ہے، جہاں عوام کو ان کے بنیادی سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے،ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں بھارتی فوجی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ آزادی کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی اُن کے ساتھ کھڑی رہے گی، کشمیر کی آزادی تک ہماری اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن ضرور آئے گا جب وادیِ کشمیر آزادی کی روشنی میں نہائے گی۔





