ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے سر اسیف اسٹوڈنٹس سرکل کی جانب سے منعقدہ سرٹیفکیٹ ڈسٹری بیوشن کی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر نے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور ادارے کی تعلیمی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے 148 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اقبال کا فلسفہ خود اعتمادی، علم اور مسلسل جدوجہد پر مبنی ہے، انہوں نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا روشن مینار ہیں اور اگر قوم علم، کردار اور خدمت کو اپنا شعار بنا لے تو ہم اقبال کے خواب کو عملی صورت دے سکتے ہیں، انہوں نے سر اسیف اسٹوڈنٹس سرکل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ 2016 سے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید آئی ٹی کورسز کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے،

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ اس ادارے نے نہ صرف سیکڑوں طلبہ کو یونیورسٹی داخلہ امتحانات کے لیے تیار کیا بلکہ جدید کمپیوٹر کورسز کے ذریعے 700 سے زائد نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر معاشی طور پر مضبوط ہونے کے مواقع فراہم کیے ہیں، انہوں نے اس بات پر بھی اظہارِ اطمینان کیا کہ ادارہ مستحق اور نادار طلبہ کے لیے مفت کورسز کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کو قومی قیادت میں آگے لانے کے لیے پرعزم ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا واضح وژن ہے کہ ملک کی باگ دوڑ نوجوانوں کو سونپی جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عوامی خدمت کے سفر کو مسلسل جاری رکھے گی، تقریب کے اختتام پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ادارے کے اساتذہ، انتظامیہ اور کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سر اسیف اسٹوڈنٹس سرکل آئندہ بھی کراچی کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا، آخر میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کو ادارے کے صدر اسیف اظہار کی جانب سے شیلڈ اور سندھ کی ثقافت اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔






