*مریم نواز کے وژن “گرین لاہور وژن” کےتحت شادمان ڈرین اور گلبرگ ڈرین کے اطراف پر شجر کاری مہم کا آغاز*

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن “گرین لاہور وژن” کےتحت شادمان ڈرین اور گلبرگ ڈرین کے اطراف پر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، دونوں مقامات پر بانس کے ہزاروں نئے پودے لگائے جائیں گے ، کمشنر لاہور مریم خان نے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے، ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے بھی شجر کاری میں حصہ لیا۔ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد نے کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شادمان ڈرین کے دونوں جانب 1200 بانس کے پودے لگائے جائیں گے، جبکہ گلبرگ ڈرین کے اطراف 3000 بانس لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر لاہور کی مختلف ڈرینز کے ساتھ45 ہزاربانس کے پودے لگائے جا رہے ہیں، جن میں سے 15 ہزار پودےاب تک لگا دیے گئے ہیں۔ایم ڈی پی ایچ اے نے بتایا کہ “لنگز آف لاہور” اوررنگ روڈ فارسٹریشن پراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے، لنگز آف لاہور کے تحت ساڑھے 4 لاکھ، رنگ روڈ فارسٹریشن پراجیکٹ کے تحت لاہور کے اطراف 112 کلومیٹر ایریا پر شجر کاری کی جائے گی اسی طرح شاہدرہ تا رائیونڈ ریلوے ٹریک کے اطراف بھی شجر کاری کا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا۔کمشنر لاہور مریم خان نے شجر کاری مہم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے شجر کاری نہایت ضروری ہے، لاہور شہر کی خوبصورتی کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سرسبز لاہور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فوکس ہے ۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ “گرین لاہور” پروگرام کی کامیابی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے،شجر کاری مہم نہ صرف لاہور کے ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد دے گی بلکہ شہریوں کو صحت مند اور صاف ماحول فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

Back to top button