میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں ڈیڑھ سو ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے جدید سوئمنگ پول کا افتتاح کردیا، اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے افسوس ناک واقعہ کی وجہ سے دل بے حد غمگین اور افسردہ ہے، انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی

، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں تیار کیا گیا یہ جدید سوئمنگ پول اعلیٰ ترین معیار کی ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، یہاں جدید الیکٹرانک فلٹریشن سسٹم نصب کیا گیا ہے جو پانی کو مستقل صاف اور محفوظ رکھتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پانی کی صفائی اور ٹریٹمنٹ کے لیے آٹومیٹڈ پیوریفکیشن سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ سوئمنگ پول میں پانی کے معیار کی مسلسل نگرانی کے لیے ڈیجیٹل واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے جبکہ ڈرینیج اور اسکیمنگ کا جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری سہولت فراہم کی جاسکے،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے اور کے ایم سی شہریوں کو معیاری اسپورٹس سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو شہر کے نوجوانوں کے لیے اہم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے شہریوں کی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔





