وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے مرکزی صدر ڈاکٹر مدیر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مرکزی صدر ڈاکٹر مدیر نے کی، جبکہ خیبر پختونخوا صدر نبی جان، سابق معاونِ خصوصی ڈاکٹر شفقت ایاز اور فورم کے دیگر عہدیداران بھی ملاقات میں شریک تھے۔ملاقات کے دوران صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری ہسپتالوں میں بیڈز کی دستیابی، طبی سہولیات کی موجودہ استعداد اور مستقبل کی ضروریات پر جامع غور کیا گیا۔ وفد نے پانچ ہزار بیڈز پر مشتمل جدید میڈیکل کمپلیکس کے قیام کے عزم کا اظہار کیا جس کا وزیر اعلیٰ نے خیرمقدم کیا۔وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کے شعبوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی بحالی سے متعلق جائزہ اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مقامی سطح پر معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ بڑے شہروں پر بوجھ کم ہو اور مریضوں کو بروقت علاج میسر آ سکے۔وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم سب نے مل کر عمران خان کے وژن کو عملی شکل دینی ہے۔ ڈاکٹرز اور اساتذہ معاشرے کے اہم ستون ہیں، ان سے توقعات بھی اسی تناسب سے زیادہ ہیں۔ ڈاکٹرز معاشرے کے لیے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہیں اور عوام کی صحت ایک مقدس امانت ہے جس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جواب دیں

Back to top button