محکمہ بلدیات و دیہی ترقی تحصیل پشتخرا کے زیرِاہتمام محکمہ بلدیات کے ملازمین میں سراہتی اسناد کی تقسیم کے حوالے سے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات تحصیل پشتخرا نازیش احسان نے کی، جبکہ تقریب کے انعقاد میں پراگریس افسر فضلِ خدا، فوکل پرسن ملک فضل الرحمن اور تحصیل کے تمام سیکرٹریز نے کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب میں خصوصی مہمان کے طور پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات و دیہی ترقی تحصیل حسن خیل ملک ارشد خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحصیل چمکنی شاہ سعید خان، سب انجینئر کاشف خان، کمپیوٹر آپریٹر وسیم، اکاؤنٹنٹ رمشاء، کفایت اللہ اور دیگر افسران و ملازمین نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں نیبرہوڈ کونسل ریگی للمہ کے سیکرٹری فقیر حسین کی ناگہانی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم کی محکمانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات تحصیل پشتخرا نازیش احسان نے سیکرٹریز کی بروقت رپورٹنگ، نظم و ضبط اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ بلدیات میں سزا و جزا کا عمل شفاف انداز میں جاری رہے گا تاکہ محنتی اور دیانتدار ملازمین کی حوصلہ افزائی اور غفلت کے مرتکب عناصر کی اصلاح ممکن بنائی جا سکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات تحصیل چمکنی شاہ سعید خان نے اپنے خطاب میں سیکرٹریز کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، عوامی رابطے، قواعد و ضوابط کی پابندی اور ادارہ جاتی نظم و نسق پر تفصیلی روشنی ڈالی۔آخر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات و دیہی ترقی تحصیل حسن خیل ملک ارشد خان نے خطاب کرتے ہوئے سراہتی اسناد کی تقسیم کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحصیل پشتخرا نازیش احسان کو اس مثبت اور اصلاحی اقدام پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ملک ارشد خان نے اپنے خطاب میں کہا:“بحثیت سرکاری ملازم ہماری اصل پہچان ہمارے عہدے سے نہیں بلکہ ہمارے کردار، رویے اور عوام کے ساتھ برتاؤ سے ہوتی ہے۔ ریاست اور عوام کے درمیان پہلا عملی رابطہ سرکاری ملازم ہوتا ہے، اس لیے ہماری ہر ادا، ہر فیصلہ اور ہر عمل دراصل ریاست کی نمائندگی کرتا ہے۔ہماری اولین ترجیح عوام کو بروقت، آسان، شفاف اور خوش اخلاقی کے ساتھ خدمات کی فراہمی ہونی چاہیے۔ ایک باخبر، ایماندار اور ذمہ دار سرکاری ملازم نہ صرف اپنے ادارے کا وقار بلند کرتا ہے بلکہ معاشرے میں اعتماد، امید اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیتا ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ وہی ملازمین زندہ رہتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دیا۔ ایسے افراد کو نہ صرف محکمہ بلکہ عوام اور تاریخ بھی ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھتی ہے۔
سراہتی اسناد کی تقسیم کا بنیادی مقصد صرف کاغذ کا ایک ٹکڑا دینا نہیں بلکہ اس پیغام کو عام کرنا ہے کہ محنت، دیانت اور عوامی خدمت کبھی ضائع نہیں جاتی۔ یہ اسناد دراصل ان پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہیں جو ہر ملازم کے اندر موجود ہوتی ہیں، اور انہیں بطور رول ماڈل پیش کرنا ہے تاکہ دیگر ملازمین بھی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے مکمل آگاہی حاصل کریں۔”تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ملک ارشد خان، شاہ سعید خان، نازیش احسان، پراگریس افسر فضلِ خدا، سب انجینئر کاشف خان، اکاؤنٹنٹ رمشاء، کمپیوٹر آپریٹر وسیم، کفایت اللہ اور دیگر افسران نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سیکرٹریز میں سراہتی اسناد تقسیم کیں






