*وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین کی ملاقات*

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی، چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی اور سمندر پار پاکستانیوں، محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں صوبائی وزیر محنت سعید غنی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے جبکہ وفاقی وفد میں وفاقی سیکریٹری برائے سمندر پار پاکستانی ندیم اسلم چوہدری، آصف جمال، طارق حسن اور عمر مشتاق شامل تھے۔ ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں، محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق امور زیر غور آئے۔ملاقات کے دوران ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) اور ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کو صوبوں کو منتقل کرنے کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ای او بی آئی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کو صوبوں کے حوالے کرنے سے محنت کشوں کو نمایاں فوائد حاصل ہوں گے اور خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے گی۔وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ جاری قانونی تنازعات کے باعث یہ فنڈز اس وقت مؤثر طور پر استعمال نہیں ہو پا رہے کیونکہ نہ وفاقی حکومت اور نہ ہی صوبے انہیں مکمل طور پر استعمال کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ وفاق اور صوبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے محنت کشوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کو مؤثر طریقے سے نمٹانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور حکومتِ سندھ کے درمیان مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیر محنت سعید غنی اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ آئندہ اجلاس منعقد کریں گے جن میںایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈ سے متعلق معاملات پر مزید غور اور قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جائیں گی۔دونوں فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ محنت کشوں کے مسائل کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اداروں میں اصلاحات کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔شرکاء نے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود سے متعلق اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button