وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری میں فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایت پر واسا مری نے پہلا فائر ہائیڈرینٹ کامیابی سے نصب کر دیا ہے، جبکہ مزید 18 فائر ہائیڈرینٹس مختلف مقامات پر نصب کیے جائیں گے۔

ایم ڈی واسا مری عظیم اعوان نے فائر ہائیڈرینٹ کی تنصیب کا عمل مکمل کروایا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فائر ہائیڈرینٹ کا معائنہ کرنے کے بعد اسے مکمل طور پر فعال قرار دیا، جبکہ پانی کا پریشر 60 فٹ سے زائد اونچائی تک ریکارڈ کیا گیا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق ناگہانی ہنگامی صورتحال میں فائر ہائیڈرینٹس ایک مؤثر حفاظتی اقدام ثابت ہوں گے۔ مری میں ہر سال لاکھوں سیاح سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں، جبکہ مال روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سیاحوں کی بڑی تعداد کی رہائش کے باعث فائر سیفٹی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ہیٹرز اور دیگر برقی آلات کے استعمال سے آتشزدگی کے خدشات میں اضافہ ہوتا ہے،
جس کے پیش نظر فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب سے ہنگامی صورتحال میں ریسکیو آپریشن مزید تیز اور مؤثر ہو سکے گا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا عزم ہے کہ شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔






