کراچی(بلدیات ٹائمز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں نالوں کی صفائی کا بڑے پیمانے پر آغاز کر دیا گیا ہے اور نالوں میں کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے چوکنگ پوائنٹس پر مؤثر نگرانی کا نظام تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ برسات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے،شہر کے بڑے نالوں میں پانی کا بہاؤ بہتر ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم برسات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھرپور اور منظم انداز میں کام کر رہی ہے، صرف نالوں کی صفائی ہی نہیں بلکہ محکمہ سٹی وارڈنز کے تحت مختلف مقامات پر رین ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جاسکے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز پی آئی ڈی سی ایل نالا، ہجرت کالونی نالا، زہری نالا سمیت دیگر مختلف نالوں کا معائنہ اور صفائی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز اقبال نواز اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور جہاں کہیں بھی رکاوٹیں یا کچرا موجود ہو اسے فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ پانی کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کی شکایت کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس ضمن میں شکایتی مراکز کو بھی فعال رکھا جائے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ وہ خود تمام معاملات کی نگرانی کررہے ہیں اور شہر کی قیادت اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم بارشوں کے دوران سڑکوں پر موجود رہے گی اور شہریوں کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ تعاون کریں اور نالوں یا سڑکوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس عمل سے نہ صرف نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے بلکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا ممکن نہیں،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر مشینری اور عملہ تعینات کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فیلڈ میں موجود رہ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





