کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور میں درپیش ریونیو کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کیپٹن (ر)ثنا اللہ خان

ایڈمنسٹریٹر/ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور میں درپیش ریونیو کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ بروز بدھ ایڈمنسٹریٹر/ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)ثنا اللہ خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور قدیر نصیر، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ کامران امجد، ڈائریکٹر فنانس اعجاز سرور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن خدائے نظر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کے اثاثہ جات، ریونیو کے موجودہ ذرائع، وصولیوں کی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا اور ریونیو میں اضافے کے لیے نئی تجاویز پیش کی گئیں۔ایڈمنسٹریٹر/ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کے مالی مسائل کے حل کے لیے مربوط او ر موثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ادارے کو خود کفیل بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری املاک کے بہتر استعمال، ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور شفاف نظام کے نفاذ کے ذریعے نہ صرف ریونیو میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ بدعنوانی کے امکانات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ایڈمنسٹریٹر / ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)ثنا اللہ خان کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب وسائل کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور تمام اقدامات شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریونیو کے تمام ذرائع کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے، نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ کے لیے ایک مربوط نظام تشکیل دیا جائے تاکہ مستقل بنیادوں پر ریونیو میں اضافہ ممکن ہو سکے۔آخر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام افسران باہمی رابطہ اور تعاون کو فروغ دیں اور ادارے کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں تاکہ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کو ایک فعال اور مستحکم ادارہ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button