:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح و بہبود اور شہری ترقی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل واہگہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیشرفت کا ذاتی طور پر جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر واہگہ اور واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، نیسپاک و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل 182 ڈوگرائے کلاں میں ایل ڈی پی فیز 2 کی جاری اسکیموں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر واہگہ نے انہیں منصوبوں پر جاری کام، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعمیر شدہ گلیوں کی سطح کو مکمل طور پر ہموار کیا جائے اور مین ہول کے کورز کو گلی کی سطح کے برابر لایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا بھی حکم دیا۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے معیار، شفافیت اور مقررہ ٹائم لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر تمام حفاظتی اقدامات کی نگرانی کریں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔






