:
موجودہ عالمی اور علاقائی معاشی صورتحال کے پیش نظر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری کے جامع اقدامات کے فوری نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کیے ہیں۔ نئے اقدامات کے تحت، لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز ہفتے کے ساتوں دن رات 8 بجے بند کردیے جائیں گے، تاہم میڈیکل اسٹورز، ہسپتال، پیٹرول پمپس، تندور اور ڈیری شاپس اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور شادی ہالز (بشمول رہائش گاہوں اور فارم ہاؤسز میں ہونے والی تقریبات) کو رات 10 بجے تک بند کرنے کا پابند کیا گیا ہے، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ سرکاری سطح پر اخراجات میں کمی لانے کیلئے سرکاری افسران کی گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی، جون 2026 تک نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی اور سرکاری عشائیوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مزید برآں، سرکاری میٹنگز کو آن لائن پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے اور ہفتے میں چار دن (پیر تا جمعرات) کام کرنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی کوشش ہے جس کا مقصد قومی خزانے پر بوجھ کم کرنا اور توانائی کے وسائل کو محفوظ بنانا ہے۔






