ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی سے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے طلبا وطالبات سے ملاقات

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ان کی بہتر تعلیم و تربیت ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے،شہری امور میں نوجوانوں کی شرکت سے نہ صرف بہتر فیصلے کیے جا سکتے ہیں بلکہ جدید سوچ کے ذریعے کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوجوانوں کی اہمیت کو مقدم سمجھا ہے اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے، یہی وجہ ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دروازے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طالب علموں کے لیے ہمیشہ کھلے رکھے گئے ہیں تاکہ طلبہ عملی طور پر شہری نظام کو سمجھ سکیں اور شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم ترین کردار ادا کر سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے طالبعلموں سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم اور کونسل کے دیگر اراکین کے علاوہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈائریکٹر محمد شاہد، ایس ایم علی جعفری ایڈوکیٹ اور ٹرینر مختار زمان بھی موجود تھے، اس موقع پر طلبا و طالبات کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ارتقاء کی تفصیل بتانے کے ساتھ ساتھ موجودہ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کی ان کاوشوں سے روشناس کروایا گیا جو وہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کو ہر ممکن بہتر اور معیاری سہولیات کے فراہمی کے لئے کررہے ہیں جبکہ طلبا و طالبات کو مختلف محکموں، نظام کار، شہری منصوبہ بندی، لینڈ ریکارڈ، میونسپل سروسز، سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ اور شہری سہولیات سے متعلق امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، طلبا و طالبات نے میونسپل کمشنر آفس، 1339 کمپلین سینٹر، کونسل ہال اور بلدیاتی نظام کے دیگر شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا، ڈپٹی میئر کراچی نے اس موقع پر طالبعلموں کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے اور طلبہ کو شہری منصوبہ بندی، بلدیاتی خدمات اور انتظامی ڈھانچے کے بارے میں آگاہ کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفاتر، نظامِ بلدیات اور شہری خدمات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لیے مختلف جامعات کے طلبا و طالبات کے مطالعاتی دورے جاری رہنے چاہئیں، ایسے مطالعاتی دورے نوجوانوں کے لیے سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button