بلدیہ عظمٰی لاہور کے شعبہ پلاننگ نے ایڈمنسٹریٹر وڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر محمد علی اعجاز کی ہدایت پر نشتر زون میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔شعبہ پلاننگ کے اسکواڈ نے اس آپریشن کے دوران 5 عمارتوں کو مسمار کر دیا
۔چار غیر قانونی عمارتوں کو سربمہر کر دیا گیا۔میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کی نگرانی میں اٹاری سروبا، آشیانہ روڈ،بہادر آباد ،عطا بخش روڈ اور کماہاں کے علاقوں میں کارروائی کی گئی۔بلدیہ عظمٰی لاہور کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کے بعد ایک ماہ کے دوران ڈھائی سو سے زائد غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔جس کی بڑی وجہ آپریشن کا تسلسل ہے جو روزانہ کی بنیاد پر زونز کی سطح پر جاری ہے۔متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، شعبہ ریگولیشنز اور پیرا کے ساتھ بھی کوآرڈینیشن بہتر بنائی گئی ہے۔






