وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈسکہ آمد پر شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے معیار، رفتار اور عوامی سہولیات کے حوالے سے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔

وزیر بلدیات نے سرکلر روڈ ڈسکہ پر زیر تعمیر (UGST) انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس منصوبے، پوما پمپ والا روڈ پر جاری سیوریج منصوبہ، کالج روڈ بٹ کڑاہی کے قریب زیر تعمیر نالے، اور بعد ازاں غنی پلازہ ڈسکہ میں جاری نالہ و دیگر ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اے پی ڈی ضلع سیالکوٹ، ایم او آئی صائم سلیم اور سب انجینئر کبیر نے وزیر بلدیات کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، تکنیکی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، بہتر انفراسٹرکچر اور جدید شہری سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور ڈسکہ شہر کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔دورے کے دوران وزیر بلدیات کی سیاسی ٹیم کے سینئر رہنما بھی ہمراہ تھے۔





