سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام میں شفافیت، مؤثر مانیٹرنگ اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخواہ سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے جاری منصوبوں، انتظامی اصلاحات اور جدید مانیٹرنگ نظام سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ شاہد زمان لک، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ طارق فاروق بھی موجود تھے۔
بریفنگ کے دوران سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے جدید نظام، ویسٹ مینجمنٹ کے مؤثر اقدامات اور مانیٹرنگ کے نئے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے بتایا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام کی مؤثر نگرانی کے لیے مانیٹرنگ سسٹم کو ڈویژن سے ضلعی سطح پر منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو بہتر اور فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کو آئندہ 25 برس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 56 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز اور 34 زیرِ زمین واٹر ریچارج ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ 485 دیہات کو ماڈل ویلیجز میں تبدیل کرنے کے لیے کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔شکیل احمد میاں نے مزید بتایا کہ مرحلہ وار 22 ہزار 986 دیہات میں چھپڑوں کی بحالی کا عمل جاری ہے تاکہ دیہی علاقوں میں نکاسی آب اور ماحولیاتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ میں شفافیت کے فروغ کے لیے ای گورننس کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ ای فائلنگ آفس سسٹم (E-FOAS) کے نفاذ سے محکمانہ امور کی انجام دہی میں نمایاں آسانی پیدا ہوئی ہے۔
خیبر پختونخواہ سے آنے والے وفد میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ظفرالاسلام، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کامران خان، ڈائریکٹر ٹیکنیکل عدنان نواز، چیف انجینئر ایل سی بی اشراق احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عزیر علی شامل تھے۔ وفد نے پنجاب میں صفائی اور مانیٹرنگ کے جدید نظام میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔دورے کے اختتام پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے خیبر پختونخواہ کے وفد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔





