*حفاظتی ایس او پیز کے بغیر واسا فیلڈ آپریشنز پر پابندی، عملے کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے سخت احکامات*

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے واسا فیلڈ اسٹاف کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اہم اور سخت احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کے تحت حفاظتی ایس او پیز کے بغیر کسی بھی قسم کے فیلڈ آپریشن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل واسا پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق مین ہولز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی کے دوران عملے کے لیے حفاظتی کٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں مین ہولز میں اترنے سے قبل زہریلی گیسوں کی موجودگی جانچنے کے لیے گیس ڈیٹیکٹرز کا استعمال بھی ضروری ہوگا۔ہدایت کے مطابق تمام فیلڈ اسٹاف ڈی سلٹنگ آپریشن کے دوران حفاظتی سوٹ، ہیلمٹ، فیس ماسک اور دیگر ضروری آلات کا استعمال یقینی بنائے گا، جبکہ آپریشن سائٹس اور مشینری سے کم از کم 50 میٹر کے فاصلے پر سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ سیفٹی کونز اور حفاظتی ٹیپ کا استعمال بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سکشن مشینوں کی مینوئل ہینڈلنگ پر مکمل پابندی ہوگی اور تمام سکشن آپریشنز کی نگرانی متعلقہ ایس ڈی او یا سپروائزر کرے گا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 کو فوری اطلاع دینا لازم ہوگا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ ان حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ مون سون سیزن سے قبل اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے صوبہ بھر میں خصوصی ڈی سلٹنگ مہم جاری ہے

، اور اس دوران فیلڈ اسٹاف کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ واسا کا فیلڈ اسٹاف ہمارے ہیروز ہیں جو مشکل حالات میں خدمات سرانجام دیتے ہیں، تاہم ڈی سلٹنگ کے دوران مین ہولز سے خطرناک گیسوں کے اخراج کے پیش نظر ان کی حفاظت کے لیے جامع ایس او پیز مرتب کیے گئے ہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ان ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور عملے کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button