عید الاضحٰی،جانوروں کی آلائشیں اور باقیات کھلے مقامات پر پھینکنےوالے افراد کو 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا،سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کی زیر صدارت اجلاس

عیدالاضحیٰ آمد کے موقع پر صوبہ پنجاب میں صفائی انتظامات اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد میاں نے ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے ہمراہ اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں صوبہ بھر کی تمام ڈسٹرکٹ سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے ھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ عید قرباں کے موقع پر ہر تحصیل کیلئے الگ اور جامع صفائی پلان تشکیل دیا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مینجنگ ڈائریکٹرز اپنے اپنے اضلاع کی ضروریات کے مطابق اضافی عملہ، مشینری اور وسائل کی بروقت تعیناتی یقینی بنائیں۔جانوروں کی آلائشیں اور باقیات سڑکوں، ندی نالوں یا کھلے مقامات پر پھینکنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔قانون شکنی کرنے والے افراد پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ عید سے قبل تمام ویسٹ کولیکشن پوائنٹس، ڈمپرز، گاڑیوں اور مشینری کی مکمل فٹنس چیک کی جائے جبکہ مساجد، عیدگاہوں اور مویشی منڈیوں کے اطراف خصوصی صفائی پلان بھی مرتب کیا جائے۔سیکرٹری بلدیات نے عید کے تینوں روز صفائی آپریشن کی ڈیجیٹل نگرانی سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے سینٹرل کنٹرول روم سے کرنے کے احکامات بھی دئیے۔ مزید برآں صوبہ بھر کے صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کنٹرول روم تیار کیا گیا ہے جہاں سے فیلڈ آپریشنز کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہوگی۔عید قربان کے دوران سُتھرا پنجاب کی آپریشنل ٹیمیں 72 گھنٹے مسلسل فیلڈ میں متحرک رہیں گی جبکہ ہر تحصیل میں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور بیک اپ مشینری کو بھی الرٹ رکھا جائے گا۔ صوبہ بھر کی تمام یونین کونسلز میں ماحول دوست ویسٹ بیگز مفت تقسیم کیے جائیں گے۔عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے وسائل میں ممکنہ اضافہ بھی کیا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا، بینرز، پبلک اعلانات اور آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔شہریوں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے سُتھرا پنجاب صفائی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبہ بھر میں صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button