وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا شیخوپورہ کا دورہ، عیدالاضحی کیلئے انتظامات کا جائزہ

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے شیخوپورہ کا دورہ کر کے عیدالاضحی کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ ایم پی اے پیر اشرف رسول اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ بھی صوبائی وزیر کے ساتھ تھے۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کے دوران وزیر بلدیات کو شیخوپورہ میں انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جامع عید پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار پہلے سے بہتر نتائج دینا ہوں گے۔ لوڈر رکشہ پر سُتھرا پنجاب کے ورکر ہر گلی محلے میں الائشیں اٹھانے کیلئے سپیکر پر اعلانات کرائیں گے۔ صوبائی وزیر نے دیہات کے لئے ہر سیکرٹری یونین کونسلز کو بھی اپنی حدود میں مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الائشوں کی نشاندہی کے لئے عید پر سیف سٹی کیمروں کے نیٹ ورک کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے الائشوں کیلئے مفت بیگز کی تقسیم کے حوالے سے شیخوپورہ سُتھرا پنجاب ایجنسی کے سروے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے زور دیا کہ مقامی میڈیا کے نمائندوں کو کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی جائے۔ اپنے دورے میں ذیشان رفیق نے شیخوپورہ منڈی مویشیاں میں بھی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وہاں قائم کئے گئے کیمپس کا معائنہ کیا اور بیوپاریوں سے بات بھی کی۔ بیوپاریوں کی کنٹین میں مہنگے داموں اشیا کی فروخت کی شکایات پر صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو کنٹین کے کنٹریکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی واضح ہدایات ہیں کہ منڈیوں میں مثالی اقدامات ہوں۔ شیخوپورہ میں انتظامات بہترین ہیں تاہم ایک کنٹین کی وجہ سے حکومت کی بدنامی قبول نہیں۔ ڈپٹی کمشنر مقررہ نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ عیدالاضحی کیلئے جاری گائیڈلائنز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button