وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) گارڈن ٹاؤن میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود اور ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی نے بھی شرکت کی جبکہ سپیشل سیکرٹری/پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے پی ڈی پی کی سکیموں پر اجلاس کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی ڈی پی کے تحت 110 میں سے 96 زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینکس (یو جی ایس ٹی) مکمل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقیماندہ واٹر سٹوریج ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 51 شہروں میں 124 میں سے 106 ڈرینز بھی پایہ تکمیل کو پہنچ چکی ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اگلے مرحلے میں 25 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر پر کام شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے ڈسپوزل سٹیشنز کی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مون سون سے پہلے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر کا ہدف پورا کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر گلیوں، سڑکوں کی تعمیر پر کام بھی ساتھ ساتھ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی سکیموں کی تیاری کے دوران مقامی منتخب نمائندوں کی مشاورت کو لازمی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ پی ڈی پی کی سکیموں میں رفتار اور معیار دونوں کا خیال رکھا جائے۔اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور میونسپل آفیسرز (انفراسٹرکچر) کوالٹی یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں۔






