*وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سیوریج صفائی مہم 95 فیصد اہداف حاصل*

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں جاری ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور بے مثال سیوریج صفائی و ڈی سلٹنگ مہم کامیابی سے اپنے اہداف کی جانب بڑھ رہی ہے۔ مہم کے تحت اب تک 95 فیصد اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ کام کو بھی جلد مکمل کرنے کے لیے فیلڈ آپریشنز مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے لاہور میں جاری سیوریج ڈی سلٹنگ آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید نے صوبہ بھر میں جاری خصوصی صفائی مہم کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز سہیل قادر چیمہ اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 41 اضلاع میں بیک وقت سیوریج نظام کی صفائی اور ڈی سلٹنگ مہم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ صوبے کے مختلف شہروں میں نکاسی آب کے نظام کی استعداد بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے مقررہ وقت سے قبل اہداف کے حصول پر واسا انتظامیہ اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والا عملہ قابل تحسین خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ پندرہ روز تک مہم اسی رفتار سے جاری رکھی جائے اور مون سون سیزن کے آغاز سے قبل تمام سرگرمیاں مکمل کر لی جائیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر خود نگرانی کریں اور تمام دستیاب مشینری کو فعال حالت میں آپریشنز کا حصہ بنایا جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر بہتر بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر ڈی سلٹنگ مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو مون سون کے دوران درپیش مشکلات سے بچانا اور اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کرنا ہے۔انہوں نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائنوں اور نالوں کو کوڑا دان کے طور پر استعمال نہ کیا جائے کیونکہ کچرے کی وجہ سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہری صفائی کے اس عمل میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور سیوریج سے متعلق مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مربوط اور فعال سیوریج نظام ہی شہریوں کے لیے صاف، محفوظ اور بہتر ماحول کی ضمانت ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر مہم کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے مون سون سے قبل اہداف کے مکمل حصول کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button