ایک کھرب 19کروڑکا پیکیج کراچی کیلئے ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ کرم اللہ وقاصی

ترجمان میئر کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کرم اللہ وقاصی نے سندھ حکومت کی جانب سے مالی سال2026-27کے بجٹ میں کراچی کیلئے 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی ترقیاتی پیکیج کراچی کی تعمیر و ترقی، شہری سہولتوں کی بہتری اور بنیادی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ کراچی کی ترقی اور خوشحالی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کراچی کیلئے مختص کردہ خطیر فنڈز شہر میں جاری ترقیاتی عمل کو مزید تیز کریں گے اور شہریوں کو بہتر سفری، آبی، نکاسی آب اور بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 816 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی مجموعی لاگت 644 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ 167 بڑے ترقیاتی منصوبے ایسے ہیں جن کی لاگت 50 کروڑ روپے سے زائد ہے اور 110 میگا منصوبوں کی لاگت ایک ارب روپے سے زیادہ ہے۔ یہ منصوبے کراچی کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج کو کراچی کے پسماندہ اور تاریخی علاقے لیاری کی ترقی کیلئے ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ 4 ارب 37 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ لیاری کے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، نکاسی آب، کھیلوں، تعلیم اور دیگر شہری سہولتوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لیاری کی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور یہ پیکیج علاقے کے عوام کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔انہوں نے کراچی کے دیرینہ آبی اور سیوریج مسائل کے حل کیلئے گریٹر کراچی سیوریج پلان (ایس تھری) کو انتہائی اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 32 ارب روپے سے زائد لاگت کے اس منصوبے سے شہر میں نکاسی آب کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ منصوبے کے تسلسل کیلئے ایک ارب روپے کی فراہمی سندھ حکومت کے اس عزم کا واضح ثبوت ہے کہ کراچی کے بنیادی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے سندھ حکومت مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پانی اور سیوریج کے منصوبوں پر بھاری سرمایہ کاری مستقبل میں کراچی کے لاکھوں شہریوں کو براہ راست ریلیف فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی بجٹ میں اہم منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ روڈ سے اسٹار گیٹ تک فلائی اوور کی تعمیر اور ملیر ہالٹ سے شارع فیصل تک رائٹ ٹرن انڈرپاس کی تعمیر سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر ہوں گی۔ یہ منصوبے شہر کی معاشی سرگرمیوں اور تجارتی نقل و حرکت کو بھی مزید مستحکم کریں گے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ کراچی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں سمیت 822 منصوبوں کیلئے بھاری فنڈز مختص کیے جانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام منصوبے مکمل ہونے کے بعد کراچی نہ صرف جدید شہری سہولتوں سے آراستہ ہوگا بلکہ ملک کی معاشی شہ رگ کے طور پر اس کی اہمیت بھی مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت، بلدیاتی ادارے اور متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے تاکہ کراچی کے عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔

جواب دیں

Back to top button