وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” اور "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام” (ایل ڈی پی) کے ویژن کے تحت شہر بھر کے انفراسٹرکچر کی بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن اور صفائی آپریشن میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ اس مشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیارِ زندگی کو بلند کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ جدید شہری انتظام اور مکمل شفافیت کے ذریعے لاہور کو ایک مثالی اور صاف ستھرا شہر بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل نشتر کے علاقے ناز ٹاؤن اور تحصیل ماڈل ٹاؤن میں شادمان عاشورہ روٹ کا جامع فیلڈ دورہ کیا۔ ڈی سی لاہور کے ہمراہ چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر نے ناز ٹاؤن میں جاری صفائی آپریشن اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے سروس ڈیلیوری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کا حکم دیتے ہوئے نالیوں کی ڈی سلٹنگ کے تیسرے مرحلے کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے عملے کے خلاف "زیرو ٹالرنس” پالیسی اپنائی جائے گی۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے شادمان میں عاشورہ کے روایتی راستے کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں سے تمام تجاوزات اور غیر ضروری رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ شہری انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور عوامی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے؛ موثر ڈی سلٹنگ سے بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ مستقل ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کو بہترین بلدیاتی و حفاظتی سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ مون سون کے پیش نظر نکاسی آب اور میڈیکل کیمپس کے انتظامات مکمل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا یہ فعال مانیٹرنگ کلچر لاہور کے روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔






