ایل ڈی اے گورننگ باڈی کا رواں سال کا پانچواں اجلاس وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اجلاس میں مختلف ایجنڈوں بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں لاہور ماسٹر پلان پر کام کرنے والی انٹرنیشنل کنسلٹنٹ فرم دارالہندسہ نے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں لاہور ماسٹر پلان 2050 کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔انٹرنیشنل کنسلٹنٹ فرم نے ماسٹر پلان کی پلاننگ اور زوننگ تجاویزکے بارے بھی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان میں شہریوں کی مشاورت کو بھی شامل کیا جائے اور محکمہ ماحولیات کی تجاویزو سفارشات کو بھی شامل کیاجائے۔اجلاس میں ماسٹر پلان میں لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع، لاہور، شیخو پورہ، قصور اور ننکانہ کے ماسٹر پلان کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ مستقبل کی آبادی میں ممکنہ اضافہ، بے ہنگم پھیلاواور رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔شہری سہولیات، پبلک ٹرانسپورٹیشن، سفری و پیڈسٹرین ضروریات کے مطابق پلاننگ کی جا رہی ہے۔ماسٹر پلان میں لاہور کی ثقافت، پارک، گرینری اور پانی کے وسائل کو بھی پلاننگ کا حصہ بنایا گیا ہے اورماحولیاتی آلودگی، سموگ، انڈسٹری کے بے ہنگم پھیلاواور سوشل و اکنامک چیلنجز کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔اجلاس میں بتایاگیا کہ شہر میں ہائی رائز بلڈنگ ،کمرشل و رہائشی ہائی رائز املاک کی تعمیر کو فروغ دیاجائے گا۔لاہور ماسٹر پلان میں روڈا، سی بی ڈی، کنٹونمنٹ، ڈی ایچ اے کے ایریا کی پلاننگ کوبھی شامل کیاجائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اربن یونٹ اور ڈبلیوڈبلیو ایف بطور بیرونی جائزہ کار ماسٹر پلان کی سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیںاور اربن یونٹ اور ڈبلیوڈبلیو ایف کی تجاویز کو ماسٹر پلان میں شامل کیاجائے گا۔اجلاس میں ہاوسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم پر نجی سکیموں کو منتقل کرنے بارے بریفنگ دی گئی اور بتاگیا کہ 30 جون تک نجی سکیموں کو پیلرا کے سافٹ وئیر پر منتقل کرنا لازم ہے۔ڈویلپرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ٹیکنکل ایشوز کو حل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں پبلک یوٹیلیٹی سائٹس کو لیز و فروخت کرنے اور لینڈ یوز بارے پالیسی فریم ورک اور ایس او پیز میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز، ایڈیشنل سیکرٹری ہاوسنگ، ایڈیشنل ڈی ہاوسنگ ، ممبر ٹیکنیکل گورننگ باڈی اکبرشیخ اور عبدالحنان ، چیف میٹروپولیٹن پلانرایل ڈی اے فیصل قریشی، نمائندہ کمشنر آفس، نمائندہ ایم سی ایل، ایل ڈی اے، واسا اور ٹیپا کے افسران ، ہاوسنگ ڈیپارٹمنٹ، پی اینڈ ڈی، لوکل گورنمنٹ، کمشنر آفس، نیسپاک اور فنانس کے نمائندگان نے شرکت کی ۔






