ترجمان میئر کراچی اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی پوری طرح متحرک ہے۔ شہر بھر میں بڑے نالوں کی صفائی، برساتی پانی کی نکاسی، سیوریج کے نظام کی بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ مون سون کی رحمت کو زحمت میں تبدیل نہ ہونے دیا جائے۔ترجمان میئر کراچی نے کہا کہ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر کے تمام بڑے نالوں کی صفائی مقررہ مدت میں مکمل کی جائے تاکہ متوقع مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کے نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پہلی مرتبہ نالوں کی صفائی کے عمل کی موثر نگرانی، شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صفائی کے کام کی رفتار، معیار اور پیشرفت پر مسلسل نظر رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی مقام پر غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہ رہے۔کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ میئر کراچی کی قیادت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مون سون ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ برساتی پانی کی فوری نکاسی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، مشینری کی دستیابی، عملے کی تعیناتی اور شہری شکایات کے بروقت ازالے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی صرف صفائی مہم تک محدود نہیں بلکہ شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سائٹ ایریا میں ٹی پی ون (TP-1) سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ 35 ملین گیلن یومیہ صلاحیت کے حامل اس جدید سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو جولائی کے وسط تک فعال کر دیا جائے گا، جبکہ منصوبے کا تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد اب ٹیسٹنگ کا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی تاریخ میں ماحولیاتی تحفظ، پانی کے موثر استعمال اور صنعتی ترقی کے حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ پلانٹ فعال ہونے کے بعد صنعتوں کو معیاری ٹریٹ کیا گیا پانی فراہم کیا جائے گا، جس سے صاف پانی کے وسائل پر دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی، ماحول دوست اقدامات کو فروغ ملے گا اور صنعتی شعبے کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں شہری مسائل کے مستقل اور پائیدار حل پر کام کیا جا رہا ہے۔ صفائی، نکاسی آب، سیوریج، انفراسٹرکچر اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ کراچی کو ایک جدید، صاف ستھرا اور بہتر شہری نظام فراہم کیا جا سکے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کر رہی ہے، تاہم شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور مون سون کے دوران نکاسی آب کے نظام کو موثر بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ کوئی بھی شہری کچرا، ملبہ یا دیگر فضلہ نالوں میں نہ پھینکے کیونکہ اس سے پانی کے بہاو میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور بارشوں کے دوران شہری مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں بلدیہ عظمیٰ کراچی مون سون سیزن کے دوران ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور شہر کے ہر علاقے میں عوام کو بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے، نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ، سہولت اور کراچی کی بہتری ہے اور ان شاء اللہ مون سون کی رحمت کو زحمت نہیں بننے دیا جائے گا۔
Read Next
2 گھنٹے ago
کراچی کے صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 9.281 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز
1 دن ago
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا تیسرے روز بھی نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ،مون سون سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
1 دن ago
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد سے سندھ بھر کی مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد کی ملاقات
2 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا نالوں کی صفائی کی مؤثر نگرانی کا فیصلہ، ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان
2 دن ago






