وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیز رفتار عملدرآمد اور مون سون سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے گجرات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی بھی ان کے ہمراہ تھیں، جبکہ ایم ڈی واسا گجرات کاشان حفیظ بٹ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور ڈی سلٹنگ آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے ترقیاتی منصوبوں، سیوریج نظام، ڈرینز اور ڈی سلٹنگ سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام مشینری، آلات اور متعلقہ عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور ہر وقت مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران کھدائی کیے گئے تمام مقامات کو بروقت بھر کر بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھا جائے اور بارشوں کے دوران مشینری، پمپنگ سسٹمز اور عملہ ہائی الرٹ رہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈرینز، نالوں اور سیوریج نظام کی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور مون سون سے قبل تمام حفاظتی اور انتظامی اقدامات مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں گے اور ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بارشوں کے دوران بہترین شہری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور مون سون انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، مؤثر نکاسیٔ آب اور شہریوں کو محفوظ و معیاری شہری سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔






