میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی میں مہر النساء اسپتال روڈ تا ناصر جمپ، ابراہیم حیدری کریک روڈ تک دو اضلاع کو ملانے والی نئی تعمیر شدہ ڈوئل کیریج وے کے اہم ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم این اے سید آغا سیف اللہ، ایم پی اے محمود عالم جاموٹ، پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری، وائس چیئرمین جان عالم جاموٹ، سٹی کونسل کے اراکین سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع کورنگی میں مہر النساء اسپتال روڈ سے ناصر جمپ،ابراہیم حیدری کریک روڈ تک تعمیر ہونے والی جدید سڑک شہریوں کے لیے آمدورفت کو آسان، محفوظ اور تیز تر بنائے گی، یہ منصوبہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علاقے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔میئر کراچی نے بتایا کہ منصوبے پر 265.259 ملین روپے لاگت آئی ہے جس کے تحت 1700 میٹر طویل اور 9.3 میٹر چوڑی جدید سڑک تعمیر کی گئی ہے، منصوبے میں جدید اسفالٹ، سب بیس اور ایگریگیٹ بیس کے مطابق اعلیٰ معیار کی تعمیراتی تکنیک استعمال کی گئی ہے تاکہ سڑک دیرپا اور پائیدار ثابت ہو،انہوں نے کہا کہ صرف سڑک کی تعمیر ہی نہیں بلکہ شہری سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے 36 انچ قطر کی آر سی سی اسٹارم واٹر ڈرین لائن نصب کی گئی ہے جبکہ سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 18 انچ قطر کی آر سی سی پائپ لائن بھی بچھائی گئی ہے تاکہ بارشوں اور نکاسی آب کے مسائل پر قابو پایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت دونوں اطراف 1.5 میٹر چوڑے فٹ پاتھ اور کرب بلاکس تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ رات کے اوقات میں محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے سڑک پر 53 جدید برقی پولز اور اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی کے ناصر جمپ سے ابراہیم حیدری تک نئی ڈوئل کیریج وے عوام کے لیے کھول دی گئی ہے،
جس سے ضلع کورنگی اور ضلع ملیر کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا اور لاکھوں شہریوں کو آمدورفت کی جدید اور بہتر سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہر النساء اسپتال روڈ اور ناصر جمپ کے قریب سولہ ہزار روڈ پر تعمیر کی گئی متبادل شاہراہ نہ صرف ٹریفک کا دباؤ کم کرے گی بلکہ ایس آئی یو ٹی اسپتال، صنعتی علاقوں اور مقامی آبادی کے لیے بھی آسان رسائی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مہر النساء اسپتال روڈ تا ناصر جمپ، ابراہیم حیدری سڑک کی تکمیل عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور یہ منصوبہ شہر میں جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کی ایک اہم مثال ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نفرت، تقسیم اور تعصب کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ خدمت، ترقی اور لوگوں کو جوڑنے کی سیاست کرتی ہے،ہم سب مل کر کراچی کے حالات بدل سکتے ہیں کیونکہ یہ شہر ہر شہری کا مشترکہ شہر ہے، عوام کو مایوسی نہیں بلکہ مسائل کے حل، امید اور بہتر مستقبل دینا ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا منشور عوامی خدمت اور عوامی مسائل کے حل پر مبنی ہے اور پارٹی کا ہر منتخب نمائندہ اسی منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ مزید تیزی سے جاری رہے گا،میئر کراچی نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی آئندہ دنوں میں مزید ساڑھے 13 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز جاری کرے گی جبکہ ایک ارب روپے کے مزید ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے مالی حالات کو شفاف حکمت عملی کے ذریعے مستحکم بنایا گیا ہے، ادارے کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب ہر ماہ باقاعدگی سے فنڈز موصول ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی مالی معاونت کے بغیر بھی سندھ حکومت کے تعاون سے کے ایم سی کو مضبوط بنایا گیا ہے اور آئندہ آنے والی بلدیاتی قیادت کے لیے بھی ترقیاتی منصوبوں کے مالی وسائل دستیاب ہوں گے، انہوں نے واضح کیا کہ کے ایم سی کا ایک ایک پیسہ عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں پر خرچ ہو رہا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی میں متعدد بڑے ترقیاتی منصوبے جلد عوام کے سامنے لائے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیوریج ٹریٹمنٹ فیسلٹی کراچی میں مکمل ہو چکی ہے جس کا جلد باضابطہ افتتاح کیا جائے گا، جبکہ ضلع غربی میں عوام کے لیے 25 ایکڑ پر محیط جدید اسپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر نئے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوتے رہیں گے اور بدلتا ہوا کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی منشور کا عملی ثبوت ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں بنیادی فرق تربیت کا ہے، پیپلز پارٹی کی سیاسی تربیت ہمیں مخالفین کے خلاف لعن طعن اور نفرت کی سیاست نہیں سکھاتی بلکہ برداشت، خدمت اور جمہوری اقدار کا درس دیتی ہے،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دیا، جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی وفاقی حکومت نہ ہونے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی، جس سے مخالفین واضح طور پر دباؤ کا شکار نظر آئے،انہوں نے کہا کہ یہ تاثر عام ہے کہ جس جماعت کی وفاق میں حکومت ہو، آزاد کشمیر کے انتخابات میں اسی کو برتری حاصل ہوتی ہے تاہم اس کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے مؤثر اور بھرپور انداز میں انتخابی مقابلہ کیا،میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کشمیر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جبکہ دوسری جانب لاہور اور گوجرانوالہ بارشوں سے متاثر تھے، ایسے وقت میں پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کے عوام کے درمیان ہونا چاہیے تھا لیکن وہ کشمیر میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف رہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور عوامی خدمت، جمہوری روایات اور عوام کے مسائل کا حل ہے اور پارٹی مستقبل میں بھی مثبت اور تعمیری سیاست کے ذریعے عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔





