میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں دو ارب روپے کی لاگت سے انفراسٹرکچر کی بہتری کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے کے تحت سڑکوں کی بحالی، ڈرینیج سسٹم کی بہتری اور دیگر بنیادی ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے تاکہ صنعتی علاقے کا انفراسٹرکچر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے
اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت نے تاجر برادری کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج فراہم کیا ہے، جس پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے اور ترقیاتی کاموں کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کے لیے تمام فنڈز سائٹ ایسوسی ایشن کے ڈسپوزل پر دے دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری تھی، جو پوری کر دی گئی ہے، اب ترقیاتی منصوبوں کا بروقت آغاز اور مقررہ مدت میں تکمیل سائٹ ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے۔ میئر کراچی نے اس امید کا اظہار کیا کہ منصوبے جلد مکمل ہوں گے، جس سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور تاجروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی. انہوں نے کہا کہ تاجر برادری شہر اور ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے انہیں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت تاجروں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے. قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے میئر کراچی کو ترقیاتی منصوبوں کے مختلف مراحل، مجوزہ کاموں اور ان پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، معروف تاجر رہنما زبیر موتی والا، جاوید بلوانی اور دیگر تاجروں، صنعتکاروں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔





