وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے خطے کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، شہریوں پر حملوں اور بچوں و خواتین کو درپیش سنگین خطرات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
عوام کی جانب سے مسلسل موصول ہونے والی شکایات اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے بعد وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایت کی کہ شہریوں کی زندگی اور صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ قوانین کے مطابق شہر اور گردونواح کے علاقوں میں آوارہ اور خطرہ بننے والے کتوں کی تلفی اور کنٹرول کے لیے فوری اور جامع مہم چلائی جائے صوبائی سیکریٹری صحت اور تمام بنیادی و تجارتی مراکزِ صحت (DHQs/THQs) کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز انجیکشن (Anti-Rabies Vaccines) کا وافر اسٹاک ہر وقت دستیاب رکھا جائے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری علاج میسر آ سکے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ گلی محلوں اور بازاروں کی صفائی ستھرائی بہتر بنائی جائے اور گندگی کے ڈھیروں کا خاتمہ کیا جائے جہاں عموماً آوارہ کتوں کے ریوڑ جمع ہوتے ہیں۔






