ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے گریڈ 20 کے سینئر افسر زید بن مقصود نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ زید بن مقصود اس سے قبل کمشنر لاہور کی ذمہ داریاں کامیابی سے سرانجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ سیکرٹری سروسز کے طور پر بھی طویل انتظامی تجربہ رکھتے ہیں
۔ انہوں نے مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔عہدے کا چارج سنبھالتے ہی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر محکمہ کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے جاری منصوبوں، انتظامی اصلاحات اور بلدیاتی نظام سے متعلق امور پر تفصیلی آگاہ کیا۔سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ نے انتظامی امور، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ شاہد زمان لک نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، جبکہ ڈی جی لوکل گورنمنٹ بینیش فاطمہ نے وائٹل ایونٹس رجسٹریشن اور بلدیاتی خدمات کی بہتری کے لیے جاری اصلاحات پر بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ eFOAS پر کامیابی سے منتقل ہونے والے پہلے پانچ صوبائی محکموں میں شامل ہے اور فیلڈ دفاتر کو بھی مرحلہ وار اس نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے
۔ مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن "سُتھرا پنجاب” کے تحت جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔ برتھ اینڈ ڈیتھ رجسٹریشن کے نظام کو مزید آسان اور عوام دوست بنانے کے لیے بھی اہم اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے کہا کہ بلدیاتی نظام عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مؤثر ترین ذریعہ ہے اور اس کی استعداد کار میں مزید بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی خدمات کا معیار مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ بلدیاتی اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر گورننس کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور عوام ان کے ثمرات سے بھرپور استفادہ کر سکیں






